بارگاہِ سیدہ خاتونِ جنت سلام اللہ علیہا میں علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا ہدیہ عقیدت
نباض ملت حکیم الامت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے خاتونِ جنت سیدہ فاطمۃ الزہراسلام اللہ علیہاکی بارگاہ قدسیہ میںنہایت جامع انداز میں آپ کی عظمت و انفرادیت، عبادت و ریاضت، عفت و پاک دامنی، شرم و حیا، فقر و استغناء، صبر و رضا، وفا شعاری اور اولاد کی اعلیٰ تربیت ایسی خوبیوں کو بڑے احسن پیرائے میں سمو دیا ہے تا کہ دختران اسلام، مخدومہ کونین سلام اللہ علیہا کی ناز ہستی کے اسوہ کو اپنا آئیڈیل اور نمونہ حیات بنا لیں، فرماتے ہیں:
مریم از یک نسبتِ عیسیٰ عزیز
از سہ نسبت ، حضرت زہرا عزیز
’’حضرت مریمسلام اللہ علیہا کی عزت و مرتبہ صرف ایک نسبت سے ثابت ہے کہ وہ سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کی والدہ ماجدہ ہیں، مگر سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہاکی عزت و مرتبہ تین نسبتوں سے ثابت ہے‘‘
نورِ چشمِ رحمۃً للعالمین
آں امام اوّلین و آخرین
آں کہ جاں در پیکرِ گیتی دمید
روزگارِ تازہ آئیں آفرید
’’ایک تو آپ رحمۃ للعالمین اور تمام انسانیت کے قائد و امام کی آنکھوں کا نور اور لخت جگر ہیں۔ وہ ہستی کہ جنہوں نے روئے زمین کے جسم میں از سر نو جان ڈالی اور ایک نئے نظام اور نئے عہد کی تخلیق فرمائی‘‘
بانوے آں تاج دار ھَلْ اَتیٰ
مرتضیٰ ، مشکل کشا ، شیر خدا
پادشاہ و کلبۂ ایوانِ او
یک حسام و یک زرہ سامانِ او
’’آپ کی دوسری نسبت یہ ہے کہ آپ اس ہستی کی رفیقۂ حیات ہیں، جن کا مرتبہ و مقام یہ ہے کہ وہ سورہ الدہر کی آیت کریمہ کے مصداق ہونے کے ساتھ ساتھ مرتضیٰ بھی ہیں، مشکل کشا اور شیر خدا بھی، وہ شیر خدا کرم اللہ وجہہ الکریم کہ بادشاہ وقت ہوتے ہوئے بھی ان کا شاہی دربار ایک جھونپڑی سے عبارت تھا، ایک ذوالفقار حیدری اور ایک زرہ ان کی کُل کائنات تھی‘‘
مادر آں مرکزِ پرکارِ عشق
مادرِ آں کارواں سالارِ عشق
’’سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی عزت و عظمت کی تیسری نسبت یہ ہے کہ آپ حسنین کریمینعلیہم السلام کی والدہ ماجدہ سلام اللہ علیہاہیں۔ جن میں سے ایک عشق کی رونق اور رعنائی کا مرکز تھے اور دوسرے اسی قافلۂ عشق ربانی کے سالار و میر کارواں تھے‘‘
آں یکے شمعِ شبستانِ حرم
حافظِ جمعیت خیر الامم
تا نشیند آتشِ پیکار و کیں
پشتِ پا زد برسرِ تاج و نگیں
’’حضرت سیدہ فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کے فرزندوں میں سے ایک تو وہ ہیں، جو بیت اللہ کے لیے شمعِ روشن کی حیثیت رکھتے ہیں اور بہتر امت یعنی ملت اسلامیہ کے اتحاد کے محافظ بھی ہیں۔جنگ اور حسد کی آگ بجھانے کی خاطر آپ نے تخت و تاج کو ٹھکرا دیا تھا‘‘
واں دگر مولائے ابرارِ جہاں
قوّتِ بازوئے احرارِ جہاں
در نوائے زندگی سوز از حسین
اہلِ حق حریت آموز از حسین
’’اور وہ جو دوسری ہستی ہیں یعنی حضرت سیدنا امام حسینعلیہ السلام تو وہ دنیائے تقویٰ کے نیک لوگوں کے آقا اور حریت پسندوں کے لیے قوت بازو کی حیثیت رکھتے ہیں، زندگی کی نغمگی میں سوز حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام کا مرہون منت ہے اور اہل حق کو آزادی کا سبق دینے والے بھی وہی ہیں‘‘
سیرت فرزند ہا از اُمہات
جوہرِ صدق و صفا از اُمہات
مزرعِ تسلیم را حاصل بتول
مادراں را اسوئہ کامل بتول
’’اولاد کی تربیت ماں کی گود سے جنم لیتی ہے اور صدق و صفا کے جوہر ماں کی تربیت سے حاصل ہوتے ہیں،سرِ تسلیم خم کرنے اور اللہ تعالیٰ کی رضا جوئی کا نچوڑ سیدہ زہراء بتول سلام اللہ علیہا ہیں، یہی ہستی ہے، جو ماؤں کے لیے ایک کامل نمونہ بھی ہیں‘‘
نوری و ہم آتشی فرماں برش
گم رضایش در رضائے شوہرش
آں ادب پروردئہ صبر و رضا
آسیا گردان و لب قرآں سرا
’’وہ ایک ایسی ہستی تھیں کہ تمام جن و ملک ان کے مطیع و غلام تھے، مگر وہ خود اپنے شوہر کی خوش نودی میں اپنی ہستی تک کو فراموش کیے ہوئے تھیں، انھوں نے صبر اور رضائے الٰہی کے ایسے ماحول میں تربیت پائی تھی کہ وہ ایک طرف چکی پیستی جاتی تھیں اور دوسری جانب زبان پر قرآن کریم کی آیات رواں رہتی تھیں‘‘
گریہ ہائے او ز بالیں بے نیاز
گوہر افشاندے بدامانِ نماز
اشک او برچید جبریل از زمیں
ہم چو شبنم ریخت بر عرش بریں
’’ان کی آہ و زاری کسی تکیے کی محتاج نہ تھی، نماز پڑھتے وقت ان کی چشمِ اطاعت گزار سے آنسو موتی بن کر ٹپکتے تھے، یہی آنسو جبریل امین زمین سے اٹھاتے اور قطرئہ شبنم کی طرح عرش بریں پر انڈیلتے جاتے تھے‘‘
رشتۂ آئینِ حق زنجیر پاست
پاسِ فرمانِ جناب مصطفی است
ورنہ گرد تربتش گردیدمے
سجدہ ہا بر خاک او پاشیدمے
’’شریعت مصطفوی کی ڈوری پاؤں کی زنجیر ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان کی پاس داری مطلوب ہے، ورنہ دیوانہ وار آپ کی قبر اطہر کے طواف اور وہاں سجدہ ریزی کے لیے دل بے قرار ہے‘‘
٭٭٭٭٭