• قرآن کریم

سورۃ الکوثر:قرآن کریم کی جامع ، مختصر سورت

سورۃ الکوثر:قرآن کریم کی جامع ، مختصر سورت
 تعارف ،مضامین اور فضائل وبرکات


قرآن مجید‘ فرقانِ حمید کی سب سے مختصر سورۃ مقدسہ ’’سورۃ الکوثر‘‘ میں بڑے معجزانہ اختصار کے ساتھ رسول اکرم ﷺ کے امتیازات کا دِل آویز تذکرہ فرمایا گیا ہے ،چناں چہ مفسرین کرام نے رسول اللہ ﷺ کے اعزازات وامتیازات کی مناسب سے لفظ ’’کوثر‘‘ کے بیس سے زائد معانی بیان فرمائے ہیں ۔
سورۃ الکوثرقرآن کریم کی تمام سورتوں میں سب سے مختصرسورتِ مبارکہ ہے جوایک رکوع اورتین آیات، دس کلمات اوربیالیس حروف پرمشتمل ہے لیکن اپنے معانی ومفاہیم اور موضوعات کے لحاظ سے بڑی اہم اور جامع سورت ہے ۔اس سورۃ کی پہلی آیت میں اللہ تعالیٰ کے اُس فضل واحسان کا بیان ہے جو اس نے اپنے حبیب ِ مکر م ﷺ پر فرمایا۔دوسری آیت میں فرمایا گیا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان کے شکرانے میں نماز پڑھتے رہیں اور قربانی کریں۔تیسری آیت میں فرمایا گیا کہ جو اللہ کے حبیب ﷺ کا دشمن ہے وہی ہر خیر سے محروم اور بے نام و نشان رہے گا۔اِن آیات کو اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب ﷺ کے دِلی اطمینان‘ قلبی سکون اور تسلی کے لیے نازل فرمایا ۔ارشاد فرمایا : اے حبیب ﷺ اپنے شہزادوں کے وصال باکمال پر اِن کافروں کے تبصروں اور تنقیدوں سے اپنے قلب ِ مبارک کو مغموم نہ کریں بلکہ اپنے رب کی رحمتوں کی طرف نظر دوڑائیں ، میں آپ کے نسل پاک کو آپ کی نورِ نظر ، لخت ِ جگر ، بتولِ زہرا،خاتون جنت سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا سے چلاؤں گا ۔ الغرض سورۃ الکوثر اپنے اختصار وایجاز کے باوصف فصاحت وبلاغت کو وہ شاہکار ہے کہ عرب کے نامور فصیح وبلیغ شخصیات کو بھی اسے پڑھ کر کہنا پڑھا’’یہ کسی انسان کا کلام نہیں ہے ۔‘‘
کوثر کے معنیٰ کی وضاحت:اللہ تعالیٰ نے حضورکریم ﷺ کو فضائل کثیرہ عنایت فرما کرتمام خلق پر افضل واعلیٰ مقام پر فائز کیا۔ حُسنِ ظا ہر بھی دیا، حُسنِ باطن بھی، نسبِ عالی بھی، نبوت بھی، کتاب بھی، حکمت بھی، علم بھی، شفاعت بھی، حوضِ کوثر بھی، مقامِ محمود بھی، کثرتِ امت بھی،اعدائِ دین پر غلبہ بھی، کثرتِ فتوح بھی اوربے شمارنعمتیں اورفضیلتیں جن کی انتہاء نہیں۔اعلیٰ حضرت فرماتے ہیں:
إِنَّا أَعْطَیْنٰکَ الْکَوْثَرَ
ساری کثرت پاتے یہ ہیں
اب کون ہے جو ان بے شمار اور بے انتہاء فضائل اور خوبیوں کا شمار کر سکے،کوثر کثیر سے مبالغہ کا صیغہ ہے ۔کوثر کے معنیٰ سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہماوغیرہ اور آئمہ تفسیر سے ’’خیر کثیر‘‘ منقول ہے۔کثیر کی ضد قلیل ہے ۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:’’بہت سی قلیل جماعتیں کثیر جماعتوں پہ غالب آئیں‘‘(سورۃ البقرۃ :249)قرآن مجید کے اس مقام سے یہ واضح ہوا کہ قلیل کا متضاد کثیر ہے اورسورۃ النساء کی آیت 77میں دنیا کاتمام سازو سامان قلیل کہا گیا ہے یعنی اشیائے خوردنی، ذرائع آمدو رفت، غرض یہ کہ حیوانات، نباتات، جمادات،اربوں کھربوں چیزیں ہیں جو دنیا کا سازو سامان ہیں جو ہمارے شمار سے باہر ہیں اللہ تعالیٰ نے ان سب کو قلیل فرمایا ہے، کثیر نہیں۔اللہ جل شانہ نے جو فضائل و کمالات نعمتیں اور خوبیاں اپنے حبیب مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عطا فرمائیں ہیں وہ قلیل بھی نہیں ہیں،وہ کثیر بھی نہیں ہیں بلکہ کوثر ہیں یعنی کثیر در کثیر ہیں،جب رب العالمین کے ہاں کا قلیل بھی ہمارے شمار سے افزوں تر ہے پھر اس کے ہاں کا کثیر اور پھر کثیر در کثیر اور پھر کوثر، تو اس کا شمار کون کر سکتا ہے؟ اس کا کون حصر کر سکتا ہے؟ کس کی طاقت کہ اُس کا احصار اور احاطہ کرے، لہٰذا ثابت ہوا کہ حضورسیدعالم ﷺ کے فضائل ومحامد کی کوئی حد نہیں ہے۔
فضائل وبرکات: سورہ کوثر کو قرآن پاک کی مختصر ترین سورت ہونے کا اعزاز حاصل ہے لیکن اپنے فوائد اور برکات کے لحاظ سے عظیم الشان ہے ۔سلف صالحین سے منقول ہے کہ اس سورت مبارکہ کو روزانہ رات کو دس مرتبہ پڑھنے کا معمول بنا لیں تو انشاء اللہ العزیز! رسول کریم ﷺ کی زیارت سے سرفرازہونگیں ۔ جو کوئی اپنے مکان کے چاروں کونوں میں رات کو دس مرتبہ سورہ ٔکوثر پڑھ کر پھونکتا ہے،اللہ تعالیٰ اس پر رزق کے دروازے کھول دیتے ہیں اور بیماری اور مفلسی اس کے گھر میں قدم نہیں رکھتی۔ نماز فجر کے بعد جو شخص اپنا ہاتھ سینے پر رکھ کر سورہ ٔکوثر پڑھتا ہے اس کا دل پاک اور منور ہوجاتا ہے اور حق کے راستے کا حجاب اس پر سے ہٹا لیا جاتا ہے،اور تمام کام میں آسانی ہوتی ہے۔اولادِ نرینہ کے طلبگار کے لیے یہ سورۃ مبارکہ انمول خزانہ ہے ۔روزانہ ایک سو ایک بار پڑھنے سے اللہ تعالیٰ نیک اور صالح اولاد کی نعمت عطا فرمائے گا۔ 

تحریر:مفتی محمد لقمان رضا